وزیرمملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے، عوام، آرمی چیف اور ان کا ادارہ پاکستان کی ترقی کے منصوبوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بدھ کو اپنے ایک پیغام میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف پر الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی والے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر سے مقدمات ختم کرانے کے لیے ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، ریاست پہلے بلیک میل ہوئی نہ اب ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی منرل انویسٹمنٹ کانفرنس تھی، جس میں پوری دنیا کے مندوبین شامل تھے، وہ یہاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے، یہ سرمایہ کار پاکستان میں اپنے وہ وسائل اور ٹیکنالوجیز پاکستان لانا چا رہے ہیں جو ہمارے پاس نہیں، منرل انویسٹمنٹ پروگرام وفاق سے زیادہ صوبوں کے فائدے کا منصوبہ ہے۔
طلال چوہدری نے پی ٹی آئی پر ملک دشمن ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتشاری ٹولہ ریاست کو بلیک میل کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا، پی ٹی آئی کبھی صوبائی خودمختاری کی بات کرتی ہے تو کبھی سائفر لہراتی ہے، یہ لوگ پیسے دے کر پاکستان کے خلاف لابنگ کرتے ہیں، جب معیشت ٹھیک ہونے لگتی ہے، اسٹاک ایکسچینج تاریخی بلندی پر جاتی ہے اور روپیہ مضبوط ہونے لگتا ہے تو یہ انتشاری ٹولہ ملک کے خلاف اُٹھ کھڑا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کوئی ایک پروجکیٹ بتائیں جس میں وہ بیرونی سرمایہ کاری لائے ہوں، پی ٹی آئی نے تو اعلان کیا تھا کہ قدرتی وسائل کو استعمال کریں گے، 300 ڈیم بنائیں گے، کہاں ہیں وہ ڈیم؟، کے پی کے قدرتی وسائل سے بھرا ہوا صوبہ ہے، ان کے استعمال کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ افسوس ہے کہ معیشت بہتر ہونے لگتی ہے تو انتشاری ٹولہ سرگرم ہو جاتا ہے۔
طلال چوہدری نے پی ٹی آئی کو دہشتگرد گروہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں سب سے زیادہ رقم امن و امان کے قیام کے لیے ’کے پی کے‘ کو دی گئی، لیکن آپ پاکستان کی حفاظت کرنے والی افواج کا خون بہانے کے لیے دہشتگردوں سے ہمدردی کرتے ہیں کہ دہشتگردی میں ملوث افغانوں کو نہ نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے، پی ٹی آئی سیاسی دہشتگردی میں ملوث ہے، پی ٹی آئی نے 13 سال سے کچھ نہیں کیا، وفاق کی گرانٹ پر پل رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ دہشتگرد بھی وہی کام کر رہے ہیں، کہ کسی طرح دہشتگردی کر کے پاکستان کی ترقی کا یہ منصوبہ بلوچستان اور کے پی کے میں روکا جائے اب سیاسی دہشتگردوں کا گروپ بھی یہی کام کر رہا ہے، کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھ کر تو کھبی لانگ مارچ کر کے اور کبھی پاکستان کے خلاف لابنگ کر کے اور کبھی صوبائی خودمختاری کے نام پر وفاق کو بلیک میل کر کے دہشتگردی کی جاتی ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ایک دہشتگرد پہاڑوں پر سے حملہ آور ہیں اور دوسرے سیاسی دہشتگرد اسمبلیوں اور میدانوں میں سیاسی طور پر پاکستان پر حملہ آور ہیں، دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے؟۔ ان کا ایجنڈا یہی ہے کہ پاکستان آگے نہ بڑھے، منصوبے نہ چلیں، کسی طرح پاکستان مشکل حالات میں آئے ۔
اس کا سب سے بڑا نقصان پاکستان کے عوام کو ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے تو بچے بھی پاکستان میں نہیں ان کا کیا نقصان ہونا ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پاکستان کا اور کتنا نقصان کریں گے، یہ نقصان پاکستان کا ہی نہیں کے پی کے کے عوام کا بھی ہے، خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بجلی چوری اور لائن لاسز ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ’آئے روز آپ بے نقاب ہو رہے ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں عوام کو فوائد پہنچانے اور پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے ایک پیج پر ہیں، ہم ان شا اللہ اس میں کامیاب ہوں گے۔ آرمی چیف اور ان کا ادارہ پاکستان اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔