راولپنڈی میونسپل کارپوریشن (آرایم سی) نے شہر کے مختلف مقامات پر پارکنگ فیس میں 100 فیصد اضافے اور نئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو میونسپل کارپوریشن کی پارکنگ کمیٹی کا اجلاس چیف آفیسر عمران علی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ٹریفک پولیس راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے)، میو نسپل کارپوریشن افسران اور تاجروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح روڈ پر پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے منصوبے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، منصوبہ اب منظوری کے لیے پنجاب حکومت کو بھیجا گیا ہے تاکہ شہر کے میں بڑھتے ہوئے پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے مزید اقدات بھی پلان کیے جا سکیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نمک منڈی میں واقع پارکنگ ایریاز کا ٹھیکہ دینے سے پہلے فرش کو ٹائلز سے ہموار کیا جائے گا، اجلاس میں شہر بھر میں پارکنگ فیسوں میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
پارکنگ فیسوں میں تجویز کی گئی ترامیم کے مطابق مو ٹر سائیکلز کی پارکنگ فیس 10 روپے سے برھا کر 20 روپے اور گاڑیوں کی فیس 30 روپے سے بڑھا کر 50 کر دی گئی ہے، اجلاس میں شہر میں پلازوں کے باہر پارکنگ پلازوں اور ایریاز کی تعمیر کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جناح روڈ، فوارہ چوک کے قریب نئے پارکنگ پلازہ کے منصوبے کو بلا تاخیر منظوری کے لیے پنجاب حکومت کو بھیجا جائے گا۔ لیاقت روڈ، راجہ بازار، کشمیری بازار اور جناح روڈ جیسے علاقوں میں نئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر پارکنگ کے مسائل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔