محکمہ ایکسائز اسلام آباد نے فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشوں کے استعمال اور ممنوعہ فلیش لائٹس والی گاڑیوں پر 50 کروڑ سے زائد جرمانے کر دیے۔
ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد بلال اعظم نے آزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے کار سواروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اور گزشتہ چند ماہ میں صرف فینسی نمبر پلیٹس، فلیش لائٹس اور کالے شیشوں کیخلاف جاری مہم میں اب تک 50 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز نے ٹوکن ٹیکس کے ڈیفالٹرز کی فہرست بھی جاری کی اور 1980 سے 1990 تک جن گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس جمع نہیں کروائے گئے ہم نے ان گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کرنا شروع کر دی ہے اور اگر اب بھی وہ ٹوکن ٹیکس جمع نہیں کرواتے تو ان گاڑیوں کی رجسٹریشن ختم کر دی جائیگی۔ اسی طرح 1990 سے 2000 تک جن گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس جمع نہیں کروائے گئے ہم قانون کے مطابق ان گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی معطل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں سے بار بار درخواست کر رہے ہیں کہ وہ اپنی گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس جمع کروائیں اور اس کیلئے ہم نے آن لائن ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی ہے کہ لوگ گھر بیٹھے ٹوکن ٹیکس جمع کروائیں، اگر اب بھی 25 یا 30 سال گزرنے کے باوجود وہ ٹوکن ٹیکس جمع نہیں کروائیں گے تو ہم ان کی رجسٹریشن کینسل کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے شہریوں کی سہولت کیلئے ڈور سٹیپ پر سہولت فراہم کی ہے کہ لوگ گھر بیٹھے ٹوکن ٹیکس جمع کروائیں، اسلام آباد کے پارکوں میں شام کے اوقات میں ہم دستیاب ہوتے ہیں، شہری ان اوقات میں اپنا کام کروا سکتے ہیں۔ اسلام آباد کلب میں بھی ہمارا ڈیسک قائم ہے اور کلب ممبران کو وہیں پر سروسز دی جارہی ہیں۔ اسلام آباد چیمبر میں بھی ہم اپنا ڈیسک قائم کرنے جارہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرسکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کوئی گاڑی ٹوکن ٹیکس جمع کروانے میں 2ماہ سے زیادہ تاخیر کرتی ہے تو اس پر جرمانہ عائد کیا جاتاہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ جتنی زیادہ سہولت ممکن ہو، فراہم کریں۔