خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بنوں اور کرک میں بارش سے گرمی کی شدت میں قدرے کمی آگئی ہے اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
بارش کے باعث گندم کی فصل کو نقصان کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ فیصل آباد اور جھنگ میں بھی آندھی اور بادل برسنے کی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک ر ہے گا ۔
دریں اثناء خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
لاہور سمیت کئی شہروں میں جمعہ کی علی الصبح ہلکی سے موسلادھار بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ متوقع بارش سے طویل خشک موسم کے درمیان گرم موسم کی وجہ سے پریشان شہریوں کو راحت ملے گی۔
بارش نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا ٹرانسمیشن سسٹم بری طرح متاثر کر دیا جس سے شہری مایوس ہو گئے۔ بارش اور فنی خرابی کے باعث درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
جھنگ، ملتان، سرگودھا، پتوکی، ننکانہ صاحب، سانگلہ ہل، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور اور ملحقہ علاقوں سے بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔