محکمہ موسمیات پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ راولپنڈی میں مون سون کا موسم 15 جون سے 15 اگست تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ یکم مئی سے 22 کلومیٹر طویل نالہ لیہہ اور 13 بڑے برساتی نالوں کی سالانہ صفائی کا کام شروع کیا جائے گا۔ اس آپریشن کے لیے پنجاب حکومت سے مجموعی طور پر 140 ملین روپے کی درخواست کی گئی تھی۔ واسا کی جانب سے نالہ لیہ کے 11 کلو میٹر حصے کی صفائی اور گہرائی کے لیے 8 کروڑ روپے جبکہ باقی برساتی نالوں کی صفائی کے لیے 6 کروڑ روپے کی درخواست کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال بھی اسی تناسب سے فنڈز جاری کیے گئے تھے لیکن پنجاب حکومت نے اس سال فنڈز میں اضافے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قیمتیں، بھاری مشینری کا کرایہ اور لیبر کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے، لیکن حکومت نے اس جواز کو قبول نہیں کیا۔
نالہ لیہ گزشتہ 50 سالوں سے ہر مون سون میں راولپنڈی میں شدید سیلاب کا باعث بنتا ہے۔ اس کی کل لمبائی میں سے 11 کلومیٹر شہر سے گزرتا ہے جبکہ باقی راولپنڈی اور چکلالہ چھاؤنی کے علاقوں سے گزرتا ہے۔