خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث گلیشیئر پھٹنے اور جھیلوں کے ٹوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق چترال، دیر اپر، سوات اور کوہستان کو حساس علاقے قرار دے دیا گیا ہے اور ان علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کل سے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں اور ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہےجبکہ ہنگامی سامان اور دیگر ضروری وسائل متاثرہ علاقوں میں پیشگی پہنچانے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔