میں نے کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، عمران خان

میں نے کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ میں نے کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے لیکن مذاکرات ملک اور قوم کے مفاد اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہوسکتے ہیں میری ذات سے متعلق نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عمران خان کی اڈیالہ جیل میں آج پارٹی رہنمائوں سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد پارٹی کو ہدایات دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں اور بشریٰ بی بی قانون کے مطابق اپنے مقدمات عدالتوں سے لڑ کر باہر آئینگے ڈیل کے تحت نہیں۔ میں نے کسی کو بھی اپنی ذات سے متعلق ڈیل کرنے کا اختیار نہیں دیا ہے۔

مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مذاکرات کے لیے راضی کر لیا ہے، اعظم سواتی کا دعویٰ

عمران خان کا کہنا تھا کہ مائینز اور منرلز بل سے متعلق ہر قسم کے متنازع گفتگو بند ہونی چاہئے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور مجھے بریف کرینگے اسکے بعد میں سیاسی قیادت سے ملاقات کرونگا اور ملاقات کہ بعد میری منظوری سے ہی بل پاس ہوگا، آج کے بعد بل سے متعلق پارٹی کے اندر مزید کوئی اختلافی بیانات نہیں آنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آپکے مخالفین چاہتے ہیں کہ آپ آپس میں لڑیں اور آپکے اختلافات برقرار رہیں اور اسکا مخالفین فائدہ اٹھائیں، اختلاف یا اختلاف رائے کی باتیں باہر نہیں آنی چاہئیں۔ ایک دوسرے کے خلاف باتوں کو میڈیا یا کسی اور فورم پہ لانے سے سختی سے منع کیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پختونخوا اسمبلی میں افغان مہاجرین کے متعلق ایک قرارداد منظور کی جائے جس میں مہاجرین کی ملک بدری کے وقت میں اضافے کا مطالبہ کیا جائے اور وفاقی حکومت پختونخوا کی حکومت کو افغانستان حکومت سے بات کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ دہشتگردی کی وجہ سے ہم بحیثیت صوبہ بہت متاثر ہورہے ہیں۔

عمران خان نےہدایت کی کہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے ایک قراداد منظور کی جائے جس میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سے مطالبہ کیا جائے کہ الیکشن ٹریبونل کے ججز کو ہدایت دی جائے کہ تحریک انصاف کی زیر التوا تمام الیکشن پٹیشنز پہ جلد از جلد فیصلہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتحادیوں سمیت ممکنہ اتحادیوں سے رابطے کا عمل تیزی سے مکمل کر کے اتحاد کو حتمی شکل دی جائے اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے، احتجاج سمیت تمام آپشنز ٹیبل پہ موجود ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *