بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری

بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی صارفین کو بڑی خوشخبری سنا دی۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان میں موسیٰ پاک ایکسپریس شٹل ٹرین کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیر توانائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام کو خوشخبری سنائی کہ وزیراعظم کی جانب سےبجلی کی قیمتوں میں اعلان کردہ 7روپے 41پیسےکا ریلیف اپریل سے صارفین کو ملنا شروع ہو جائے گا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کو جلد ہی مزید اچھی خبریں بھی سنائی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: بجلی صارفین کو 51 ارب 49 کروڑ روپے کا بڑا ریلیف ملنے کا امکان

اویس لغاری نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ حکومت نے گزشتہ ایک سال میں وہ کامیاب اقدامات کیے ہیں جو پہلے کبھی نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بڑے کاروباری طبقے سے 3400 ارب روپے وصول کیے گئے اور بغیر کسی رشتہ داری یا ذاتی مفادات کے عوام کے فائدے کے لیے میرٹ پر فیصلے کیے گئے۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ بجلی کے کارخانوں میں منافع کمانے والوں کو راہ راست پر لے آیا گیا اور انہیں عوامی مفاد میں لایا گیا۔وزیر توانائی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک کی معاشی صورتحال انتہائی مشکل تھی۔ اخراجات آمدن سے زیادہ تھے، بجلی کی قیمتیں بلند تھیں، اور مہنگائی 38 فیصد تک پہنچ چکی تھی جس کی وجہ سے عوام شدید پریشانی کا شکار تھے۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت نے معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے مشکل فیصلے کیے اور وقت کے ساتھ معاشی بہتری لائی۔ ایک سال کے اندر حکومت نے اپنے مالی معاملات کو درست کیا اور رائٹ سائزنگ پالیسی پر عملدرآمد سے زائد اخراجات کو کم کیا۔

وزیر توانائی نے ڈیرہ غازی خان میں موسیٰ پاک ایکسپریس شٹل ٹرین کی بحالی پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ریلوے اسٹیشن پہلے قبرستان کے منظر کی مانند تھا لیکن اب عوام کی سہولت کے لیے یہ شٹل ٹرین شروع کی گئی ہے تاکہ لوگوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *