پی آئی اے نے اپنی نئی سفری منزل باکو کیلئے ٹکٹوں پر پرکشش انعامات کی پیشکش کر دی ہے۔
قومی ایئر لائن کے کارپوریٹ ونگ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ٹکٹوں کی خریداری پر بیش قیمت انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
مسافروں کی ترغیب کے لئے سفر کیجیے باکو ہمارے ساتھ اور جیتئے دلچسپ انعامات! کے سلوگن کو شیئر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ابھی بک کریں، سامان پیک کریں اور اپنا سنہری موقع ضائع نہ کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن نے لاہور سے باکو کے لئے 20 اپریل سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے کہا کہ باکو کے لئے نئی پروازیں 20 اپریل سے شروع ہو رہی ہیں۔
یہ پروازیں ہفتے میں دو بار (اتوار اور بدھ کو) لاہور سے روانہ ہوا کریں گی۔