ملک کے مختلف علاقوں میں کل تیز بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہا۔
انوکھی شادی ، نوے سالہ شخص اور بیٹا ایک ساتھ دُلہا بن گئے
اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پرژالہ باری بھی ہوئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ میں ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے خیبر پختونخوا سے متعلق ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے، ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال رہنے کا امکان ہے۔
مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، چارسدہ، کرک سمیت کئی اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں، پشاور، مردان، نوشہرہ، سوات اور گرد و نواح میں موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔

