پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی نے فروری 2025 میں اپنی مقبول گاڑی سوزوکی آلٹو کی قیمتوں میں1لاکھ 20ہزارروپے کا بڑا اضافہ کر دیا۔
کمپنی کی جانب سے اس قیمت اضافے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا گیا کہ گاڑی میں کئی نئے اور جدید فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جن کی بدولت گاڑی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے فیچرز میں آلٹو VXR ماڈل میں ABS بریک سسٹم، پاور ونڈوز، سیٹ بیلٹس، ISOFix چائلڈ سیٹ اینکرز اور سیٹ بیلٹ الارم شامل ہیں۔.
اس کے علاوہ گاڑی کے ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جیسے کہ پچھلے دروازے پر ایمبلم کی تبدیلی، سامنے دائیں سیٹ بیلٹ پری ٹینشنر، فرنٹ سیٹ بیلٹ ریمائنڈر اور بیک ڈور گارنش، جو اب تمام ویرینٹس میں دستیاب ہیں۔
مزید برآں VXR MTاور VXR AGS ماڈلز میں نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جیسے کہ پاور ونڈو سوئچ کی لائٹنگ، فرنٹ و ریئر پاور ونڈوز، سیفٹی پنچ گارڈ (ڈرائیور ونڈو کیلئے) اور آٹو ونڈو اپ اینڈ ڈاؤن (ڈرائیور کے لیے)۔ ABS (اینٹی لاک بریکنگ سسٹم) بھی VXR MT ماڈل میں دستیاب کر دیا گیا ہے جبکہ سائیڈ ٹرن لیمپ صرف AGS ویریئنٹ میں فراہم کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے سے قبل کمپنی نے دو ماہ قبل سوزوکی آلٹو کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔ آلٹو VXR MT کی قیمت 27,07,000 روپے سے بڑھا کر 28,27,000 روپے کر دی گئی۔
اسی طرح آلٹو VXR AGS کی قیمت 28,94,000 روپے سے بڑھا کر 29,89,000 روپے کر دی گئی اور آلٹو VXL AGS کی قیمت 30,45,000 روپے سے بڑھا کر 31,40,000 روپے کر دی گئی۔
اس اضافے کے باوجود سوزوکی آلٹو اپنے نئے فیچرز کے ساتھ مارکیٹ میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور صارفین کی جانب سے گاڑی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔