ملک کے مختلف حصوں میں آج اور کل شدید بارش، آندھی اور بعض مقامات میں ژالہ باری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں این سی او سی نے شدید موسمی صورت حال کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
پنجاب کے علاقے اٹک، چکوال، گجرات، جہلم میں آندھی طوفان اور ژالہ باری ہو سکتی ہے، جبکہ وسطی پنجاب کے علاقے فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ بھی شدید موسمی زد میں آ سکتے ہیں ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور چارسدہ بونیر بٹگرام کرم مہمند خیبر کوہاٹ اور وزیرستان میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع گرمی کے زیر اثر رہیں گے ۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا ، ژوب اور بارکھان میں گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارش برفباری سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کاخدشہ ہے۔
این سی او سی کے مطابق تیز ہواوں اور بارش سے بجلی کی بندش اور حادثات کا خدشہ ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پنجاب میں ممکنہ شدید موسمی صورت حال کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، کسان فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ضروری پیشگی انتظامات رکھے اور آندھی و طوفان کی صورت میں کمزور عمارتوں اور درختوں سے دوررہیں ۔
نشینل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کاکہنا ہے کہ موسمی حالات سے آگاہ رہنے کے لیے موبائل ایپ این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ کو فالو کریں۔