پی ٹی آئی رہنما و سابق امیدوار قومی اسمبلی سیمابیہ طاہر نے تحریکِ انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کی گرفتاری کے حوالے سے ویڈیو بیان میں واضح کیا ہے کہ عالیہ حمزہ کو وومن پولیس اسٹیشن راولپنڈی میں رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی سیمابیہ طاہر نے جمعہ کی رات جاری ویڈیو بیان میں واضح کیا کہ پولیس نے عالیہ حمزہ کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے، سیمابیہ طاہر کا کہنا تھا کہ انہیں عالیہ حمزہ سے ملنے نہیں دیا جا رہا پولیس والے کہہ رہے انہیں چھوڑ دینگے لیکن ایسا نہیں لگ رہا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی سیمابیہ طاہر نے کہا کہ ہم وومن پولیس اسٹیشن کے باہر موجود ہیں انہیں لے کر ہی جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو وویمن پولیس اسٹیشن راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔
ویڈیو بیان میں رہنما پی ٹی آئی سیمابیہ طاہر کا کہنا تھا کہ آج پاکستان تحریکِ انصاف کا یوتھ کنونشن تھا جہاں سے عالیہ حمزہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا ہمارے آج 8 ورکرز کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں پی ٹی آئی کے انفارمیشن سیکرٹری عمیر عباسی ہیں اور راولپنڈی سٹی سے پی ٹی آئی کئ عہدیدار بلال خٹک اور دیگر ورکرز ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پانچ لوگوں کو گرفتار کر کے ائیر پورٹ تھانہ میں بجھوا دیا گیا ہے۔ سیمابیہ طاہر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ عالیہ حمزہ کو ویمن پولیس اسٹیشن راولپنڈی میں رکھا گیا ہے۔اور ابھی تک ہمیں بتایا نہیں گیا ہے کہ انہیں کس جرم کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اگر انہیں کنونشن منعقدکروانے پر گرفتار کیا گیا ہے تو ہمیں وہ قانون دکھا دیں جس کے تحت انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔