اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے جماعت اسلامی کی ’غزہ مارچ‘ کی کال کے پیش نظر کنٹینرز لگا کر ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ اور مقامی پولیس نے متنبہ کیا ہے کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’غزہ مارچ‘ کی صورت میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی پولیس دارالحکومت پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ 20 اپریل کو اسلام آباد میں غزہ یکجہتی مارچ کیا جائے گا۔
جماعت اسلامی کے سربراہ نے غزہ مارچ کی کال کے تحت 22 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کا بھی اعلان کیا تھا جسے ملتوی کر کے اب 26 اپریل کر دیا گیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیلی مظالم اور امریکی حمایت کے خلاف اسلام آباد میں تاریخی مارچ کے لیے لاکھوں افراد جمع ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ اسرائیل اور امریکا سے نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ اسرائیل معصوم بچوں کو قتل کر رہا ہے اور ایک بار پھر امریکا نے خود کو عالمی دہشتگرد ثابت کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے غزہ مارچ کے پیش نظر فیض آباد کو بھی سیل کر دیا گیا، فیض آباد میں ڈبل کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں، فیض آباد سے اسلام آباد جانے والی اہم شاہراہ کو بھی بند کر دیا گیا، جماعت اسلامی کے قافلوں کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے جماعت اسلامی کی جانب سے غزہ یکجہتی مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے اور ریڈ زون کی جانب جانے والی تمام سڑکیں بھی بند کردی گئی ہیں۔
ادھر ترجمان جماعت اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ ’غزہ یکجہتی مارچ‘ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، مارچ سہ پہر 3 بجے آبپارہ سے شروع ہو گا، جماعت اسلامی نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی واشنگٹن کی حمایت کے خلاف دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔تاہم حکام نے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے اور کنٹینرز، خاردار تاروں اور کنکریٹ کی رکاوٹوں کا استعمال کرتے ہوئے ریڈ زون کے 3 اہم داخلی راستوں کو بند کردیا ہے۔
جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری امیر العظیم نے ایک ویڈیو پیغام میں احتجاج کی تصدیق کرتے ہوئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس میں شرکت کریں۔ انہوں نے کراچی اور لاہور میں پارٹی کے حالیہ جلسوں کا حوالہ دیتے ہوئے پرامن مظاہرے کا حوالہ دیا، قبل ازیں جماعت اسلامی نے اسرائیل کی جاری جارحیت کے دوران غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 22 اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے اب 26 اپریل کو ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مسلسل مذمت کی ہے اور فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی بحالی اور فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔