گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر لنڈیانوالہ المناک ٹریفک حادثے میں 12افراد کے جاں بحق ہونے والوں کےورثاء سے تعزیت کے لیے جڑانوالہ پہنچ گئے۔
جڑانوالہ آمد پر سابق ٹکٹ ہولڈر رائے وقاص اسلم کے ڈیرے پر پی پی پی جیالوں سے خطاب کے دوران سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ ایک ہی فیملی کے بارہ لوگوں کی شہادت کا سنا تو سوچا تھا ضرور جاؤں گا ۔
حکومت میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے کے باوجود غمزدہ خاندان کیساتھ اظہار ہمدردی کیلئے آنا ضروری سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں کسانوں کو مشکلات در پیش ہیں ۔
بہت جلد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں آکر کسانوں کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں گے ، انشاءاللہ کارکنوں کے تعاون سے بلاول بھٹو کو ملک کا اگلا پرائم منسٹر بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لئے 24گھنٹے کھلے ہیں، غریب عوام کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کرو نگا، شہر شہر جاکر قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کا پیغام پہنچا رہا ہوں۔
سردار سلیم حیدر خان کا مزید کہنا تھا کہ بھٹو خاندان نے ہمیشہ پسے ہوئے طبقے، کسان اور مزدور کے حقوق کے لیے بات کی ہے، پیپلزپارٹی پنجاب میں کسانوں کے حقوق کا پرچم بلند کرے گی۔