حکومت پاکستان نے بھکاریوں کو غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے پاسپورٹ کے حصول کیلئے نئی شرائط عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی سفارتخانے میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی ، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے معاشی و سماجی شعبوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاک گلف تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت پر مشکور ہیں، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتا یا کہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے پاسپورٹ کے حصول کیلئے نئی شرائط عائد کی جا رہی ہیں،بھکاری مافیا کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا، سعودی شہریوں کیلئے پاکستان آنے پر کوئی ویزا نہیں، جب چاہیں آئیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے منشیات کیس میں ملوث بے گناہ خاندان کی رہائی کیلئے بھرپور تعاون پر سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بے گناہ خاندان کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے سعودی عرب نے بہت ساتھ دیا، سعودی حکومت کے تعاون کی بدولت ہی خاندان کے 5 افراد کو رہائی ملی اور وطن واپس آئے۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں جنہیں مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔