پاکستان میں سونے کی قیمتوں کی اُڑان جاری ہے اور آج پھر فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار900 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے ہوگئی۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں ہزار 59 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور دس گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 11 ہزار 814 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 105 ڈالرز کا اضافہ ہوا اور سونے کی فی اونس قیمت 3 ہزار500 ڈالر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر تین سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔ گزشتہ روز امریکی ڈالر سوئس فرانک کے مقابلے میں دہائی کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا جبکہ یورو کے مقابلے میں بھی یہ کرنسی ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح پر موجود رہی۔ امریکی ڈالر کی قیمت سوئس فرانک کے مقابلے میں 0.8095 پر مستحکم رہی، جو کہ گزشتہ سیشن کی کم ترین سطح 0.8042 کے قریب ہے۔
جاپانی ین کے مقابلے میں بھی امریکی ڈالر 140.99 پر رہا، جو پیر کے دن سات ماہ کی کم ترین سطح 140.48 کے قریب تھا۔ یورو کی قیمت 1.1502 ڈالر پر مستحکم رہی جبکہ پیر کو یہ نومبر 2021 کے بعد پہلی بار 1.1573 تک پہنچا تھا۔
برطانوی پاؤنڈ بھی 1.3376 ڈالر پر برقرار رہا، جو کہ ستمبر کے بعد پہلی بار 1.3421 تک پہنچا تھا۔ اس کے علاوہ خطرے کے لحاظ سے حساس سمجھا جانے والا آسٹریلوی ڈالر بھی پیر کے روز 0.6436 امریکی ڈالر کی چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچا اور تازہ ترین سیشن میں تقریباً اسی سطح پر برقرار رہا، جہاں اس کی قیمت 0.6414 امریکی ڈالر تھی۔