کراچی میں محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن میں فیس وصولی اور تعلیمی سال کے شیڈول سے متعلق اہم نکات شامل ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن رفیعہ جاوید کے مطابق صوبے میں تعلیمی سال 2026-27 یکم اپریل سے شروع ہو چکا ہے، لہٰذا میٹرک کے طلبہ سے صرف مارچ 2026 تک کی فیس ہی وصول کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں میٹرک کے امتحانات 10 اپریل 2026 سے جاری ہیں، اس لیے اپریل 2026 میں امتحان دینے والے طلبہ پر کسی قسم کی اضافی فیس عائد نہ کی جائے۔ مزید یہ کہ نویں سے دسویں جماعت میں جانے والے طلبہ کے لیے فیس کا باقاعدہ شیڈول پہلے سے موجود ہے۔
رفیعہ جاوید کا کہنا تھا کہ اپریل اور مئی کے دوران جون اور جولائی 2026 کی فیس وصول کی جائے گی، جبکہ پری پرائمری سے لے کر کلاس نہم تک کے طلبہ بھی اس نئے فیس نظام کے تحت آئیں گے۔
انہوں نے نجی اسکولوں کو ہدایت کی کہ فیس کے علیحدہ علیحدہ واؤچرز جاری کیے جائیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ جون کے فیس واؤچرز 30 جون تک مؤثر ہوں گے، جبکہ جولائی کے واؤچرز 31 جولائی 2026 تک کارآمد رہیں گے۔