پاکستان کے اولمپئن گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم نے بنگلورو کلاسک جیولن تھرو مقابلے میں شرکت کے لیے بھارت جانے سے معذرت کر لی، بھارتی دوست نیرج چوپڑا کی جانب سے ملنے والی دعوت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم کے بھارتی دوست اولمپئن نیرج چوپڑا نے پاکستانی اولمپئن ارشد ندیم کو بھارت میں ہونے والے بنگلورو کلاسک جیولن تھرو ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اپنے بھارتی دوست اولپمئن نیرج چوپڑا کی جانب سے دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شیڈول پہلے سے طے ہے، مصروفیت کی وجہ سے بنگلورو کلاسک جیولن تھرو ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکوں گا۔
ارشد ندیم نے بھارتی اولمپئن نیرج چوپڑا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اپنے ملک میں ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ان کا شیڈول بہت سخت ہے اس لیے بھارت جانا ممکن نہیں ہے، بھارتی اولمپئن نے ایونٹ کے لیے مجھے یاد رکھا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ ان کی پہلے ہی سے 22 مئی کو ایشین چیمپئن شپ کے لیے کوریا روانگی طے ہے جبکہ بنگلورو کلاسک جیولن تھرو 20 مئی کو بھارت میں شیڈول ہے، اس لیے وہ بھارت نہیں جا سکیں گے، انہوں نے بتایا کہ ایشین اتھلیٹکس چیمپئن شپ 27 مئی سے جنوبی کوریا میں شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں آ کر کرکٹ کھیلنے سے انکار پر دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے مقابلے میں پہلے سے ہی تناؤ چل رہا تھا کہ دوسری جانب پہلگام واقعے پر بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات نے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔