بھارت نے حکومتِ پاکستان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کر دیا۔
حکومت پاکستان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل کو بھارت میں بند کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے واہگہ اٹاری سرحد بند کر دی تھی۔
علاوہ ازیں پاکستانیوں کے بھارتی ویزے منسوخ اور ہندوستان میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم بھی دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پہلگام واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی گئی تاہم گزشتہ روز بھارتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ دہائیوں سے جاری پانی کی تقسیم کا سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ایک ہفتے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیدیا۔
پاکستان کی جانب سے بھی بھارتی اقدامات کا بھرپور جواب دینے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔