بجٹ اور عیدالاضحٰی سے قبل ملک میں مہنگائی میں اضافےکا خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک میں مہنگائی سے متعلق تخمینہ جاری کردیا، مئی میں مہنگائی ممکنہ طور پر بڑھ کر 3 سے 4 فیصد کےدرمیان تک پہنچ سکتی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ اپریل میں مہنگائی 1.5 فیصد سے 2 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، ملک میں مارچ 2025 کے دوران مہنگائی کی شرح 0.69 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی ، جولائی 2024 سے مارچ 2025 کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 5.25 فیصد تھی۔
واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں ملک میں مہنگائی مسلسل دوسرے ماہ بھی وزارت خزانہ کے تخمینوں سےکم رہی تھی، مارچ میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح مزیدکم ہوکر 0.96 فیصد پر آگئی۔
مارچ میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 3 دہائیوں کی کم ترین سطح 0.7 فیصد پر آگئی تھی۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ میں کہا تھا کہ فروری 2025 میں مہنگائی بڑھنےکی سالانہ شرح 1.52 فیصد ریکارڈ کی گئی، جولائی تا مارچ اوسط مہنگائی کی شرح 5.25 فیصد رہی، فروری کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 0.89 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں شہروں میں مہنگائی میں 0.78 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی شرح میں 1.05 فیصد اضافہ ہوا، مارچ میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 1.16فیصد رہی، جب کہ دیہات میں مہنگائی کی شرح 0.02 فیصد ریکارڈکی گئی۔