پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کیا یا پانی موڑا گیا تو پاکستان اس مقام کو نشانہ بنا کر تباہ کر دے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اور جب بھارت کوئی ایسا منصوبہ بناتا ہے جو سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے یا اس کا رخ موڑنے کے لیے ہو، تو پاکستان اس تنصیب کو اپنی مکمل عسکری طاقت سے تباہ کر دے گا۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ پانی پاکستان کا ’’انتہائی قومی مفاد‘‘ (Vital National Interest) ہے، یعنی اگر بھارت اس مفاد کو خطرے میں ڈالے گا تو پاکستان کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، حتیٰ کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال تک۔
پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک لمحے کے لیے بھی نہیں سوچے گی اور فوراً اس مقام پر حملہ کرے گی جہاں سے پاکستان کو پانی کی فراہمی کو خطرہ لاحق ہوگا۔
واضح رہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے پانی کو اپنا اہم ترین قومی مفاد قرار دے دیا۔پاکستان بھارت کی جانب سے پانی روکنے یا پانی کا رخ موڑنے کے اقدام کو جنگ تصور کرے گا، پاکستان بھارت کی جانب سے پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کسی بھی کوشش کا پوری قوت سے جواب دے گا۔
پاکستان نے جوابی ردعمل میں فوری طور پر واہگہ بارڈر بند کر دیا ہے اور کہا ہے کہ تمام کراس بارڈر ٹرانزٹ 30 اپریل تک پاکستان سے نکل جائیں۔ اس کے علاوہ پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت بھارت سے تمام تجارت بند کر دی ہے۔ انڈین ائیر لائنز اور بھارتی ملکیت کے جہازوں کے لئے پاکستان نے اپنی ائیر سپیس فوری طور پر بند کر دی ہے، پاکستان کا منہ توڑ جواب ہندوستان کی لفاظی گولہ باری نہیں بلکہ عملی اقدامات پر مبنی ہے۔