مشتاق احمد نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اپنا طے شدہ دورہ راولاکوٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
آزاد جموں و کشمیر حکومت کے ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران باہمی اتفاق رائے ہونے کے بعد مشتاق احمد نے دورہ منسوخ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جلد اسلام آباد واپس روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 محرم الحرام کو مظفرآباد میں دی گئی احتجاج کی کال واپس لے لی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عوام کی عدم شرکت اورکشمیری عوام کی جانب سے احتجاج کی کال کو مسترد کئے جانے کے بعد کیا گیا، جس کے بعد کالعدم تنظیم نے مجبورا مجوزہ احتجاجی پروگرام منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔
کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے ریاست مخالف بیانے کے بعد باشعور اور غیور کشمیریوں نے انتشاری کمیٹی کی احتجاج کی کال کو مسترد کردیا جس کے بعد کالعدم کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا کہ 9 محرم کو مظفرآباد احتجاج کی کال واپس لی جائے۔
ذرائع کے مطابق کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے ریاست اور اداروں کے خلاف بیانات کے بعد مقامی سطح پر شہریوں نے اس احتجاجی کال سے لاتعلقی اختیار کی، جس کے باعث انتشار پسندوں کو احتجاجی پروگرام عملی طور پر غیر مؤثر ہوتا دکھائی دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کی تیاریوں کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے اس کال کا حصہ بننے سے گریز کیا اور انتشار اور تشدد کی سیاست کو مسترد کردیا، جس کے باعث صورتحال غیر مؤثر رہی۔
کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے موجودہ حالات اور عوامی عدم دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے اور احتجاج کھٹائی میں پڑتا ہوا دیکھ کر احتجاجی شیڈول واپس لینا پڑا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے تھے، تاہم احتجاج کے باضابطہ طور پر نہ ہونے کے بعد صورتحال پرامن رہی،عوامی حلقوں نے بھی احتجاج کی منسوخی کو معمول کی صورتحال قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔