فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، حالیہ پیشرفت اور علاقائی امن کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور مختلف فریقین کے درمیان افہام و تفہیم کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی صدر نے تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف بھی کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے اس مؤقف کو دہرایا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پرامن مکالمہ اور تعاون ناگزیر ہے، انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی و عسکری سطح پر روابط کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔