بلوچستان کا نوجوان بھارت کے ایک اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا ہے، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ سید اریان شاہ دل اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھا۔
سید اریان شاہ کی والدہ کی جانب سے پاکستان آرمی چیف اور وزیراعظم شہبازشریف کے نام ایک ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ نوجوان سید اریان شاہ بھارت کے شہرچنائی کے ایک اسپتال میں دسمبر 2024 سے زیر علاج تھا، سید اریان شاہ دل اور پھیپھڑوں کے سنگین عارضے میں مبتلا تھا اورعلاج کے لیے بھارتی شہرچنائی پہنچا تھا تاہم ہفتہ کے روز وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔
اریان کی والدہ نے بتایا کہ انہیں اریان کے علاج کے لیے بلوچستان حکومت نے 3 کروڑ روپے دیے جو کم پڑ گئے، آریان کے علاج کے لیے مزید پیسوں کی اشد ضرورت تھی، لیکن بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے ان کا بیٹا بھارت کے چنائی اسپتال میں انتقال کر گیا ہے۔
اریان کی والدہ کا کہنا ہے کہ اسپتال کے بقایا جات کی ادائیگی کےبعد ہی اسپتال میرے بچے کی میت دے گا، والدہ نے اپیل کی کہ ان کے بیٹے کی میت کے حصول کے لیے اس مشکل وقت میں انہیں مزید مدد کی ضرورت ہے۔ اریان کی والدہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت میں پولیس اور اسپتال کا عملہ ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے، اس لیے حکومت پاکستان، وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف سے اپیل ہے کہ وہ میرے بچے کی میت کے ہمراہ واپس پاکستان لانے کا بندوبست کریں اور اس حوالے سے میری فوری مدد کی جائے۔