وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے پر بھارت کو غیر جانبدار تحقیقات میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اتحاد، نظم و ضبط اور قومی مفاد کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں اور آئندہ بھی اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے پہلگام واقعے پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی غیر جانبدار، شفاف اور معتبر تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے بھارت کی آبی جارحیت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی ہماری زندگی کی بنیاد ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی نے مہم جوئی کی تو پاکستان 2019 کی طرح بھرپور جواب دے گا۔
مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی مفاد کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ معاشی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں اور ہم افغانستان کے ساتھ پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں، افغان حکومت کو اپنی سرزمین دہشتگردوں سے پاک کرنی چاہیے۔