پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جن کے پاس گھر نہیں ان کے لیے 80 ہزار سے زائد گھر بنائے جا رہے ہیں ۔
چیئرمین پی پی پی نے یہ بات وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے ہمراہ اندرون سندھ کے دیہاتوں کے دورے کے موقع پر کہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے تحت سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے بنائے جانے والے گھروں کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران پی پی پی رہنما نے گائوں تماچنی کی خواتین سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنوں عاقل، روہڑی، صالح پیٹ، نیو سکھر اور سکھر سٹی میں 80 ہزار سے زائد گھر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
علی واہن گاؤں کے کاریگروں نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ پہلے ہم دوسروں کے لیے گھر بناتے تھے، اب اپنے گھر خود بنا لیے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے خواتین کو گھروں کی ملکیت کے حق کی دستاویزات دکھائیں۔
بلاول بھٹوسیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دنیا کے سب سے بڑے مفت ہاؤسنگ منصوبے کے سلسلے میں ناچن پور اور تماچنی کے دیہات کا دورہ کیا۔ بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری سکھر سے کراچی روانہ ہوگئے۔