وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان کا بھرپور جواب ، تاریخ یاد رکھے گی۔
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشن نے نئی دہلی کو بے نقاب کر دیا ہے اور پوری دنیا اب حقیقت جان چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارت نے مسلمانوں کے گھر مسمار کرنا شروع کر دئیے اور کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنا شروع کر دیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ مودی حکومت نہ صرف مسلمانوں کی املاک کو تباہ کر رہی ہے بلکہ ہندوؤں کو ان املاک پر قبضہ کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پہلگام واقعے کے بعد 10 منٹ کے اندر بھارتی حکام کو مجرموں کے نام کیسے معلوم ہوئے ؟۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ٹریک ریکارڈ پر روشنی ڈالتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ مودی کی ساری سیاست مسلم دشمنی اور مذہبی انتہا پسندی پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے پس منظر میں مودی کے مقاصد دو بھارتی ریاستوں میں ہونے والے آئندہ انتخابات میں سیاسی فائدے حاصل کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ کا ہر لفظ وقت گزرنے کے ساتھ اپنی صداقت کو ثابت کر رہا ہے۔
مودی حکومت میں ہندوستان میں مسلمانوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ طلال چوہدری نے پاکستان کے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کو اس کی ذمہ دارانہ اور طاقتور رپورٹنگ پر سراہا جو حقیقت پر مبنی حقائق کو سامنے لایا اور بالآخر بھارتی میڈیا کے جھوٹے بیانیے کو شکست دی۔