امریکا اور ایران کے درمیان مبینہ امن ڈیل کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 80 ڈالر 76 سینٹ فی بیرل تک آگئی، جبکہ برینٹ خام تیل 83 ڈالر 70 سینٹ فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کا مربن خام تیل بھی 83 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدہ طے پانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب کو مبارکباد، ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو گیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ ڈیل مکمل ہو چکی ہے۔
انہوں نے اس حوالے سے سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کو ٹول فری طور پر کھول دیا گیا ہے جبکہ ایرانی بندرگاہوں کی امریکا کی بحری ناکہ بندی بھی ہٹا دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے جہاز اپنی سرگرمیاں شروع کریں اور تیل کی ترسیل بحال ہونے کا وقت آگیا ہے۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکا کو امن معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ ردعمل بعد میں دیا جائے گا۔