لائن آف کنٹرول پر واقع وادی لیپہ میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے سوموار اور منگل کی درمیانی شب بھارتی افواج کو دندان شکن جواب دیا اور پاک فوج کی جوابی فائر سے دشمن کی پوسٹ کو آگ لگ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی شب بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر وادی لیپہ میں بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے جواب میں پاک فوج نے بھارتی فوج کو دندان شکن جوا ب دیا اور پاک فوج کے فائر سے بھارتی فوج کی پوسٹ کو آگ لگ گئی اور انکا بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔
نمائندہ آزاد ڈیجیٹل کے مطابق لائن آف کنٹرول پر وادی لیپہ میں بھارتی فوج کی جانب سے ہلکے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ مارٹر گولے فائر کیئے گئے اور اس کیساتھ وقفے وقفے سے سرچ لائٹ گولے برسائے گئے اس خدشے کے پیشِ نظر کے ان پر حملہ نہ ہو جائے۔
انکا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول سے متصل وادی لیپہ میں عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ پاک افواج کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں پاک فوج کی جانب سے دشمن کی جانب سے برسائے گئے فائر کا بھر پور جواب دیا جا رہا ہے۔