وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بھارت اس وقت پانچ ڈیمز کی تعمیر کر رہا ہے، جس سے مستقبل میں پاکستان کے آبی وسائل پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین واپڈا سے ملاقات میں اس معاملے پر تفصیلی بات ہوئی ہے، جبکہ صدر مملکت سے بھی مشاورت کی گئی ہے ،بھارت ڈیموں کی تعمیر کے بعد دریائے چناب کے پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس صورتحال میں خدشہ ہے کہ جب پاکستان کو فصلوں کے لیے پانی کی ضرورت ہوگی تو بھارت پانی روک سکتا ہےاور جب ضرورت نہ ہوگی تو پانی چھوڑ کر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اس کا حل یہ ہے کہ پاکستان کو بھی تین سے چار بڑے آبی ذخائر تعمیر کرنے چاہئیں تاکہ پانی کو محفوظ کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ کشیدگی کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا دنیا نےوزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تاریخ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی ان سفارتی کوششوں کو یاد رکھے گی اور ان کرداروں کو اہم کامیابی کے طور پر دیکھا جائے گا،انہوں نے تجویز دی کہ وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ حالیہ امن اور سفارتی اقدامات پر کتاب تحریر کریں تاکہ ان پیش رفتوں کو دستاویزی شکل دی جا سکے۔
انہوں نے سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں تبدیلی وزیراعظم کا اختیار ہے اور وہ جب چاہیں اس میں ردوبدل کر سکتے ہیں ضروری نہیں کہ کسی ناراضگی کی صورت میں فوری طور پر کسی وزیر کو تبدیل کیا جائے۔
آزاد کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات سے صورتحال بہتر ہو سکتی ہے، مسلم لیگ ن انتخابات جیتنے کی کوشش کرے گی،گلگت بلتستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہاں شفاف انتخابات ہوئے ہیں اور حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔