پاک فضائیہ نے پہلگام فالس فلیگ اور بھارت کے الزامات اور دھمکیوں کے بعد کسی بھی ممکنہ بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے میزائلوں سے لیس جدید لڑاکا طیارے سوات اور سکردو پہنچا دیے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی اور ملٹی ڈومین صلاحیتوں سے لیس پاک فضائیہ ایک ایسی فورس ہے جسے معاصر فضائی جنگ میں شمار کیا جاسکتا ہے۔
پاک فوج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل مہارتوں کے ساتھ ثابت قدم ہے اور پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کی اعلیٰ ترین سطح کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
حال ہی میں جے 10 سی اور جے ایف 17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں جیسے جدید ترین طیاروں اور دور تک مار کرنے والے پی ایل 15 میزائلوں کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیت اوراسٹریٹجک ڈیٹرنس میں کافی بہتری آئی ہے۔
یہ جدید ترین دفاعی سسٹم اور جنگی طیارے اس بات کی ضمانت دیتے ہیں کہ پاکستان کا فضائی دفاع ناقابل تسخیر ہے، جس سے دشمن کو واضح پیغام جاتا ہے کہ ملک کی فضا محفوظ اور ناقابل تسخیر ہے۔ سیدو سے پسنی تک پاک فضائیہ ناقابل تسخیرملکی دفاع کا مظاہرہ کرتی ہے، جو 24گھنٹے نگرانی اور فوری ردعمل کی صلاحیت کو یقینی بناتی ہے۔
زبردست فوجی قیادت کی رہنمائی میں پاک فضائیہ نے جدید کاری کی انقلابی کوشش کی ہے جس میں مختلف شعبوں میں نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجیز کو شامل کیا گیا ہے۔ اس فورس نے ہائی ٹیکنالوجی ایریل پلیٹ فارمز، ہائی ٹو میڈیم ایلٹی ٹیوڈ ایئر ڈیفنس سسٹمز (ایچ آئی ایم اے ڈی ایس)، بغیر پائلٹ والی لڑاکا فضائی گاڑیاں (یو سی اے وی) کو شامل کیا ہے اور خلائی، سائبر، الیکٹرانک وار فیئر اور مصنوعی ذہانت پر مبنی آپریشنز میں اضافہ کیا ہے۔
پاک فضائیہ قومی خودمختاری کے تحفظ، جارحیت کا مقابلہ کرنے اور طاقت کے ذریعے امن برقرار رکھنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ جرات، جدت طرازی اور غیر متزلزل لگن کی پائیدار وراثت کے ساتھ پاک فضائیہ کسی بھی آزمائش کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے اور پاکستان کا آسمان آنے والی نسلوں تک محفوظ رہے گا۔