گیلپ سروے آف پاکستان نے کہا ہے کہ ایشیائی خطے کے لوگوں کے خوش رہنے کی شرح یورپین خطے سے زیادہ ہے، یورپ اور امریکا میں محض 39 سے 46 فیصد آبادی خوش رہتی ہے جبکہ ایشیائی خطے میں خوش رہنے والوں کی شرح 52 سے 68 فیصد تک ہے۔
دُنیا کے کون سے براعظم اور کس ملک کے لوگ زیادہ خوش رہتے ہیں اس حوالے سے گیلپ سروے آف پاکستان نے عالمی سروے رپورٹ جاری کی ہے جس میں حیران کن طور پر بتایا گیا ہے کہ براعظم ایشیا کے لوگ براعظم یورپ سے زیادہ خوش رہتے ہیں۔
سروے رپورٹ کے مطابق سروے تمام خطوں کے 44 ممالک میں کیا گیا، ایشیائی ممالک میں رہنے والے 52 سے 68 فیصد لوگ خوش رہتے ہیں، یورپ اور امریکا کی صرف 39 سے 46 فیصد آبادی خوش ہے۔ خوش رہنے والے ممالک میں چین کے لوگ 86 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر ہیں۔
انڈونیشیا کی 86 فیصد آبادی خوش رہنے والے سروے میں دوسرے نمبر پر، پاکستانیوں کی اکثریت بھی ہنسی خوشی زندگی جینے والوں میں شامل ہے، ایشیائی ممالک میں پاکستان کے 72 فیصد لوگ خوش رہتے ہیں۔
دوسروں کی خوشیاں چھیننے والے بھارت کی اکثریت مایوسی کا شکار رہنے لگی ہے، ایشیا کے تمام ممالک میں بھارت میں سب سے کم خوش لوگ رہتے ہیں، بھارت میں خوشی کی شرح صرف 31 فیصد جو دنیا میں سب سے کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق تعلیم اورآمدنی کا خوشی سے گہرا تعلق ہے، اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد 50 فیصد، زیادہ آمدنی والے گھرانے 62 فیصد خوش ہیں، مذہب اور خوشی کا بھی گہرا ربط ہے، مسلمانوں میں خوشی کی شرح سب سے زیادہ 54 فیصد ہے، ہندوؤں میں سب سے کم خوش رہنے کی شرح صرف 2فیصد تک پائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق میکسیکو 83 فیصد، سعودی عرب 81 فیصد، ڈنمارک 78 فیصد تک خوش ممالک کی فہرست میں شامل، بھارت 31، یوکرین 33، سربیا 37، اٹلی 41، جاپان 43کے ساتھ کم ترین خوشی والے ممالک میں شامل ہیں۔