پیرس: ایفل ٹاور کے سامنے بھارت کی فاشسٹ حکومت اور جنگی جنون کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
— تفصیلات کے مطابق کے سیاحتی مقام ایفل ٹاور کے سامنے بھارت کی فاشسٹ مودی حکومت اور اس کے جنگی جنون کے خلاف ایک مؤثر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ اس مظاہرے کا اہتمام ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ نے کیا، جس میں مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر اور فرانس کے صدر چوہدری خان اصغر جلیانی نے مظاہرے میں خصوصی شرکت کی اور مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی حکومت کی مسلم دشمن پالیسیوں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں بڑھتے ہوئے جنگی جنون کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر، جو حال ہی میں اسلام آباد میں منعقدہ اوورسیز پاکستانی کنونشن میں شرکت کے بعد یورپ واپس پہنچے ہیں، یورپ بھر میں پاکستانی کمیونٹی کو متحرک کرنے میں ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور مظلوم کشمیری عوام کی آواز بلند کرنے کے لیے متحد ہوں۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی فاشسٹ پالیسیوں کا سختی سے نوٹس لے اور جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کے لیے فوری اقدامات کرے۔
—