پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے مختصر بالوں کے بڑھتے ہوئے ٹرینڈ پر اپنی رائے دے کر سوشل میڈیا پر نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں شارٹ ہیئر اسٹائل گزشتہ کچھ عرصے سے کافی مقبول ہوا ہے، جس میں ہانیہ عامر، سجل علی، صبور علی اور صحیفہ جبار جیسی اداکارائیں بھی اس انداز میں نظر آتی رہی ہیں۔
علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اداکاراؤں سے متاثر ہو کر بال کٹوانے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں کیونکہ اسکرین پر نظر آنے والی شخصیات اکثر وگ یا ہیئر ایکسٹینشن استعمال کرتی ہیں، جبکہ عام افراد کیلئے دوبارہ لمبے بال حاصل کرنا وقت طلب ہو سکتا ہے۔
ان کے مطابق بہت زیادہ چھوٹے بال کٹوانا بعض اوقات بعد میں مشکل کا باعث بن سکتا ہے۔اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ صارفین نے ان کی بات کو حقیقت پر مبنی قرار دیا جبکہ بعض نے کہا کہ یہی شارٹ ہیئر ٹرینڈ خود انہوں نے مقبول بنایا تھا۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور مختلف تبصرے کیے جن میں ان کے پرانے انداز اور تبدیلیوں کا ذکر بھی کیا گیا۔