اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے کشمیر سے متعلق گروپ نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی اشتعال انگزیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی مکمل حایت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی مشن کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے اراکین سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار نے نیویارک میں ملاقات کی اور انہیں بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن اور اس کے الزامات پاکستان پر عائد کرنے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال سے آگاہ کیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ بھارت سیاسی بنیادوں پر اور غیر ذمہ دارانہ انداز سے انتہائی اشتعال انگیزی پر اترا ہوا ہے۔
عاصم افتخار نے او آئی سی گروپ کے سفیروں کو جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان ہر ممکن طور پر تحمل اور برداشت سے کام لے رہا ہے جبکہ بھارت اپنی اشتعال انگیزیوں اور جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر اتر آیا ہے، جو کہ علاقائی امن اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے۔
مشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق او آئی سی کے سفیروں نے زور دیا کہ بھارت اور پاکستان سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی ختم کریں اور وجہ تنازعات بننے والے اصل مسائل کو ختم کریں جس میں جموں کشمیر کا تنازع سر فہرست ہے ۔
بیان کے مطابق او آئی سی کے سفیروں نے زور دیا کہ تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قرار دادوں کے مطابق منصفانہ طور پر حل کیا جائے۔