وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہمارے پاس انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرے گا۔
عالمی نشریاتی ادارے ”سی این این“ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعہ کا ذمہ دار خود بھارت ہے اور اپنی ناکامی چھپانے کےلئے بھارت نے بغیر شواہد کے پاکستان پر الزامات عائد کئے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس کسی قسم کے شواہد موجود نہیں ہیں، ہمارے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ انڈیا پاکستان پر حملہ کرے گا، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض ہے کہ یہ معلومات عالمی برادری سے شیئر کریں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فوج بہادر فورس ہے جو وطن عزیز کا دفاع کرنا جانتی ہے، پاکستان کے عوام پرعزم اور اپنے وطن کے لئے متحد ہیں، پاکستان پرامن ملک ہے اور ہمیشہ پرامن بقائے باہمی کا خواہاں رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور ہم نے پہلگام واقعے کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی ہے تاہم بھارت نے انگلی اٹھانا جاری رکھا، ماضی میں بھی انہوں نے ایسے واقعات کے الزامات بغیر تحقیقات کے پاکستان پر عائد کئے۔