وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمیں کوئی خطرہ یا خوف نہیں، یقین ہے بھارت غلطی نہیں کرے گا، موجودہ صورتحال خطرناک یا پریشان کن نہیں، پاک افواج بہترین اور پروفیشنل ہے، ہم ایٹمی طاقت ہیں، ہمیں گھبرانا نہیں چاہئے، حملہ ہوا تو پاکستان سے زیادہ نقصان بھارت کا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کئ مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال خطرناک یا پریشان کن نہیں، ہماری مسلح افواج کی قیادت بہترین اور پروفیشنل ہے، ہم ایٹمی طاقت ہیں، ہمیں گھبرانا نہیں چاہیئے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت نے حملہ کیا تو بڑی حماقت ہوگی، حملہ ہوا تو پاکستان سے زیادہ نقصان بھارت کا ہوگا، ہماری قوم بہت دلیر ہے، کبھی کبھی جذبات میں بہہ جاتی ہے، ہمیں کوئی خطرہ یا خوف نہیں ہے، یقین ہے کہ بھارت غلطی نہیں کرے گا، بھارت نے کوئی حماقت کی تو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اپنی قومی ذمہ داری نبھارہے ہیں، نوازشریف موجودہ صورتحال سے مایوس نہیں، اس موقع پر ہمیں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہا تھا کہ کالا باغ ڈیم ہوتا تو آج پانی اور بجلی کا بحران نہ ہوتا، کینالز منصوبے پر بھی ہم نے قومی یکجہتی کو اہمیت دی۔
عمران خان کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان رہا ہونے یام شاورت میں بیٹھنے کو تیار نہیں، ہم پہلے بھی بانی پی ٹی آئی کو ساتھ بیٹھنے کی دعوت دے چکے ہیں۔ ہم پی ڈی ایم دورمیں بھی دعوت دے چکے ہیں، پی ٹی آئی جمہوری رویہ اختیار کرنے کو تیار نہیں ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان خود اپنی پیدا کردہ مشکلات کا شکار ہیں، پی ٹی آئی دور میں ملک ڈیفالٹ کے قریب چلا گیا تھا، ہم پی ٹی آئی کو مذاکرات کے قریب لے آئے تھے، عمران خان نے مذاکرات نہیں ہونے دیے، بانی پی ٹی آئی کو اپنی ذات کے علاوہ کچھ نظرنہیں آتا۔