اسلام آباد۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے آج اور کل پاکستانی اور عالمی میڈیا کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دورے کا اہتمام کیا ہے۔ وزارت کے مطابق اس دورے کا مقصد بھارت کے بے بنیاد اور من گھڑت پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنا ہے۔
بھارت مسلسل پاکستان میں نام نہاد اور خیالی “دہشت گرد کیمپس” کے حوالے سے پراپیگنڈا کرتا رہا ہے اور اس نے بارہا ایل او سی کے ساتھ مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں کے حوالے سے جھوٹے دعوے کیے ہیں۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا ہے کہ میڈیا کے نمائندوں کو ان مقامات پر لے جایا جائے گا جنہیں بھارت نے دہشت گرد کیمپس کے طور پر پیش کیا ہے، اور انہیں مخصوص مقامات پر زمینی حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امن کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے اور دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشتگردی یا دہشتگردانہ سرگرمیوں کو مسترد کرتا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔