کھاریاں میں منعقد ہونے والا 9 واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، جس میں دنیا بھر سے شریک عسکری ٹیموں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت اور حربی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ’کردار، جرأت اور قابلیت وہ اوصاف ہیں جو پاکستانی سپاہیوں کی پہچان ہیں’ خصوصاً دہشتگردی کے خلاف جاری جدوجہد میں پاکستانی فوج ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کر رہی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشق میں شریک ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، مقابلہ کرنے کی صلاحیت، جسمانی و ذہنی مضبوطی اور غیر معمولی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مشقیں جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک سخت، حقیقت سے قریب اور پیشہ ورانہ پیٹرولنگ مشق ہے، جس کا مقصد شریک ٹیموں کے درمیان جدید عسکری خیالات، حربی تجربات اور بہترین عملی مہارتوں کا تبادلہ کرنا ہے۔
یہ بین الاقوامی عسکری مشق 5 فروری سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی، جس نے شرکاء کو ایک چیلنجنگ اور حقیقی آپریشنل ماحول فراہم کیا۔ گزشتہ برسوں میں پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (پیٹس) ایک باوقار، مسابقتی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ عسکری مقابلے کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ مشق شریک ممالک کے درمیان باہمی سیکھنے، پیشہ ورانہ مہارت اور عسکری تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ فورم نہ صرف عسکری روابط کو مضبوط بناتا ہے بلکہ ٹیم ورک، اعتماد اور مشترکہ آپریشنل سوچ کو بھی فروغ دیتا ہے۔
اس سال مقابلے میں 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان شامل تھے، جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر شرکت کی۔
مشق میں پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 مقامی ٹیمیں شریک ہوئیں، جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین بھی اس اہم عسکری سرگرمی کا حصہ رہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ ایسی بین الاقوامی مشقیں اجتماعی تیاری، جدید حربی تکنیک اپنانے اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کردارسازی، جرأت اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت پاک فوج کی پہچان ہے، جس کا عملی ثبوت دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں مسلسل نظر آ رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔
شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مشق کے دوران اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، شاندار تنظیم، نظم و ضبط اور انتظامات کو سراہا۔
بعد ازاں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، جن میں نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا معائنہ بھی شامل تھا۔