بھارت کی جانب سے حملہ کی وجہ سے پاکستان کی ایئر سپیس کو بند کر دیا گیا اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر سپیس کو 48 گھنٹے کے لئے بند کرنے کاباقاعدہ نو ٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن تاحکم ثانی معطل کیا گیاہے اس کے علاوہ لاہور ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن روک دیاگیا۔ قطر، دبئی، بحرین، کویت اورریاض سمیت 25 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔
واضح رہے کہ بھارت نے رات گئے پاکستان میں تین شہروں پر میزائل داغ د ئیے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ نے نجی ٹی وی اے سے گفتگو کرتے ہوئے اس حملے کی تصدیق کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے پاکستان کے تین شہروں میں میزائل حملہ کیا ہے۔ پنجاب میں بہاولپور جبکہ آزاد کشمیر کے دو شہروں کوٹلی اور مظفر آباد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کے بعد ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بہاولپور میں چار دھماکے سنے گئے جن کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ شہری پریشان ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔بھارتی حملے کے باعث ایک معصوم بچہ شہید ، ایک عورت اور ایک مر زخمی ہو گئے ہیں ۔