پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نئی دہلی پہنچ گئے

پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نئی دہلی پہنچ گئے

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے مقصد سے ایک اہم دورے پر جمعرات کو بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ عراقچی اس ہفتے پاکستان کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔

ایران کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی دورہ بھارت کے دوران اپنے بھارتی ہم منصب ڈاکٹر ایس جئے شنکر سے ملاقات کریں گے، جس میں علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعلقات سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

رواں ہفتے کے اوائل میں اسلام آباد میں اپنے مختصر قیام کے دوران عراقچی نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا تھا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ متنازع کشمیر کے علاقے پہلگام واقعے پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ ہونے والے اس حملے کے بعد دونوں جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے درمیان الزامات اور کشیدگی میں شدید اضافہ ہو گیاہے۔

دورہ پاکستان کے دوران عباس عراقچی نے کشیدگی میں کمی پر زور دیا

بھارتی دورے سے قبل عباس عراقچی نے دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے کشیدگی میں اضافہ ہو۔ ایرانی وزیر خارجہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’ہم کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں اور دونوں فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں‘۔

ایرانی وزیر خارجہ کے اس دورے کو 2 جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان ثالثی کے لیے ایران کی جاری سفارتی کوششوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے، جس میں تہران کے اسلام آباد اور نئی دہلی دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مغدم نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ عباس عراقچی کے دورے کے دوران کشیدہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عباس عراقچی کی نئی دہلی آمد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کے بعد ہوئی ہے جس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش بھی کی تھی۔ صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور حالات کو بگڑنے سے روکیں۔

اگرچہ نئی دہلی میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی بات چیت کا صحیح ایجنڈا واضح نہیں ہے، لیکن توقع ہے کہ دونوں فریق علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بھارت میں ایران کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنائیں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *