پاک فوج نے بھارتیوں کا غرور خاک میں ملا دیا ، بہادر فوج اب تک دشمن کے 77 ڈرونز گرا چکی ہے ۔
بھارت کی جانب سے جدید اسرائیلی اور مختلف ٹیکنالوجی کے ڈرونز سے دراندازی کا سلسلہ دوسرے روز بھی شروع ہوگیا، پاک فوج نے صبح سے اب تک مزید 48 ڈرون مار گرائے ہیں جبکہ 8 مئی کی شام تک 29 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا گیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے آج ایک ڈرون کو وہاڑی، ایک کو پاکپتن اور 4 ڈرونز کو اوکاڑہ میں تباہ کیا گیا ہے، کل سے اب تک دشمن کے 77 ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے میں اب تک بھارت کو خطیر مالی نقصان ہوچکا ہے ، پاک فوج دشمن کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دےرہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرونز کی تباہی سے بھارت کو اربوں ڈالرکانقصان ہوچکا، اہداف بھی حاصل نہیں ہوسکے، اس سے قبل پاکستان نے بھارت کے رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی جہاز بھی گرائے تھے، ایک طیارے کی مالیت کئی کروڑ ڈالر تھی۔
قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا تھا کہ تمام ڈرونز کو مسلسل ریڈار پر مانیٹر کیا جارہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جب بھی کوئی ڈرون آتا ہے تو وہ مسلسل ریڈار پر دیکھا جارہا ہوتا ہے، ہمارے ایئر ڈیفنس سسٹم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ چھوٹے ڈرون کو بھی ٹریک کرلیتا ہے، شہری علاقوں اور کمرشل فلائٹس کی موجودگی میں ڈرون مار گرانے کا ایک آپریشنل طریقہ کار ہوتا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دفاعی نظام اور ایئر ڈیفنس سسٹم دشمن کے حملوں کو مسلسل ناکام بنا رہا ہے، ہیروپ ڈرون کی ٹریکنگ سے واضح ہے کہ پاکستان کا دفاعی اور ایئرڈیفنس سسٹم انتہائی مضبوط ہے۔