کوئی بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

کوئی بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی کے افسران کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت کر کے بے گناہ شہریوں کا خون بہایا، جس کا افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دے کر اپنے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ “اللہ نے ہمیں کامیابی عطا کی، اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں”۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمارے دل اور ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ پاک فوج پاکستان کے غیور اور بہادر عوام کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے ہر موقع پر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں نے اس نازک وقت میں فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کیا، جو قابلِ فخر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا بھی آپریشن بنیان مرصوص کی طرح بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کے خلاف ڈٹا رہا اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے قوم کا مؤقف دنیا تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان وزیراعظم اور وزراء کی مشکور ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں بروقت اور اہم فیصلے کیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دو مختلف مقامات پر بھارت کے جدید ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان کی افواج نے نہایت مربوط اور ذمہ دارانہ حکمتِ عملی کے تحت اپنے تمام اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ سورت گڑھ، سرسہ، آدم پور، اونتی پورہ، اُدھم پور اور پٹھان کوٹ جیسے اہم بھارتی فوجی مقامات کو ٹارگٹ کیا گیا، جبکہ اُڑی نیت ورکس اسٹیشن اور پونچھ راڈار اسٹیشن پر بھی درست نشانہ لگایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان نے بھارت کے خلاف استعمال ہونے والے 26 فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی دفاعی کارروائی کے دوران کے جی ٹاپ میں بھارتی 10 بریگیڈ اور نوشہرہ میں 80 بریگیڈ کو کامیابی سے تباہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ فیلڈ سپلائی ڈپو اور پونچھ میں نصب ریڈار سسٹم کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی شک میں نہ رہے، اگر پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مومنوں کو حکم دیا ہے کہ جب ان پر ظلم ہو تو وہ اس کا جواب دیں، اور افواج پاکستان اسی جذبے اور ایمان کے تحت ملکی دفاع کو یقینی بناتی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ کوئی بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مسلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے جبکہ سندھ طاس معاہدہ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے

سے پاکستان کا موقف بہت واضح ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *