’نیو‘ کی نئی انٹری لیول الیکٹرک گاڑی، فائر فلائی نے 2025 شنگھائی آٹو شو میں عالمی سطح پر اپنا آغاز کر دیا ہے۔ ایک سستی، کمپیکٹ ہیچ بیک کے طور پر ڈیزائن کی گئی فائر فلائی نیو کو نئی الیکٹرک مہران گاڑی کے طور پر جانا جا راہ ہے جو اس وقت دُنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔
نیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ولیم لی نے اعلان کیا کہ فائر فلائی کئی ممالک میں تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹرز اور مقامی پارٹنرز کے ذریعے لانچ کی جائے گی۔
اس تبدیلی سے فائر فلائی کی پاکستان جیسے ممالک میں آمد کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جہاں متعدد چینی آٹومیکرز پہلے ہی ڈسٹری بیوٹرز اور مینوفیکچررز کے ساتھ مقامی شراکت داری کے ذریعے کام کر رہے ہیں۔
نیو فائر فلائی کو کیا چیز ممتاز بناتی ہے؟
نیو نے فائر فلائی کو ایک کمپیکٹ ہیچ بیک کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں عملیت اور کفایت شعاری پر توجہ مرکوز کی گئی، بنیادی طور پر یورپین مارکیٹوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے لیکن اس کے سستا اور بہترین چارجنگ کا نظام اسے دیگر براعظموں میں بھی ممتاز بنانے جا رہا ہے۔
اہم خصوصیات میں شامل ہیں
کمپیکٹ سائز: اس گاڑی کو گنجان آبادی والے علاقوں جہاں ٹریفک جام اور تنگ گلیاں ہوتی ہیں ان کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
رینج: اس کار سے متعلق کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اس کی بیٹری کی ترتیب پر منحصر ہے، یہ 5 منٹ کے چارج میں 300 کلومیٹر سے 400 کلومیٹر تک کا سفر کر سکتی ہے۔
بیٹری سوئپنگ: اس گاڑی میں بیٹری سویپ ٹیکنالوجی انسٹال کی گئی ہے، اگرچہ موجودہ سویپ اسٹیشن ابھی تک مطابقت نہیں رکھتے تاہم آئندہ سال متوقع ففتھ جنریشن سوئپ اسٹیشنز نیو اور اونوو گاڑیوں کے ساتھ فائر فلائی کے لیے مدد گار ثابت ہوں گے۔
چارجنگ، سویپ اسٹیشنوں کی غیر موجودگی میں اس کے لیے روایتی فاسٹ چارجنگ دستیاب ہوگی۔
انٹیریئر ڈیزائن: اس گاڑی کو ڈیجیٹل ڈسپلے اور موبائل ایپ کنٹرولز اور اوور دی ایئر اپ ڈیٹس سے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
قیمت: توقع ہے کہ نیو کی لائن اپ میں سب سے سستی گاڑی ہوگی، اس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ کم بجٹ والے افراد کے لیے ہی ڈیزائن کی گئی ہے۔
کمپنی نے فائر فلائی کے لیے کنٹینر طرز کے سویپ اسٹیشنوں کا منصوبہ منسوخ کردیا ہے لیکن نئے اسٹیشن تیار کیے جا رہے ہیں جو 2026 تک بنیادی ڈھانچے میں شامل ہو سکتے ہیں۔
فائر فلائی پاکستان کی ’الیکٹرک مہران‘ کیوں ہوسکتی ہے؟
سستی گاڑیوں کی بات کی جائے تو پاکستان کی آٹوموٹو مارکیٹ طویل عرصے سے انتہائی کمزور رہی ہے۔ سوزوکی مہران نے اپنی سادگی، قابل اعتماد اور کم قیمت کے باعث اس کردار کو پورا کیا ہے۔
آج، پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ، سستی الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ فائر فلائی کا کمپیکٹ ڈیزائن، کم متوقع قیمت اور چارجنگ آپشنز اسے نئی نسل کے لیے اسی طرح کا سستا کردار ادا کرنے کے لیے ایک مضبوط امیدوار بناتے ہیں۔
اگر نیو مقامی ڈسٹری بیوٹر کے ساتھ شراکت داری کرتا ہے اور فائر فلائی کو مسابقتی قیمت پر فراہم کرتی ہے تو یہ پاکستانی عوام کے لیے ایک قابل رسائی ای وی آپشن فراہم کر سکتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے سوزوکی مہران نے دہائیوں تک سستی گاڑی اور ہر ایک کے لیے قابل رسائی کا کردار ادا کیا۔
آغاز اور توسیع کی ٹائم لائن
چین میں فائر فلائی کی فراہمی 29 اپریل 2025 سے شروع ہوگی۔ جون اور اگست 2025 کے درمیان میں یہ یورپین مارکیٹ میں لانچ کی جائے گی۔
اگر توسیع ہوتی ہے تو پاکستان سمیت ایشیائی مارکیٹوں کے لیے دائیں ہاتھ ڈرائیونگ کے ماڈلز اکتوبر 2025 تک متوقع ہیں۔