موٹر ویز اور ہائی ویز کے کنارے پھلدار درخت لگانے کا منصوبہ

موٹر ویز اور ہائی ویز کے کنارے پھلدار درخت لگانے کا منصوبہ

اسلام آباد ۔  وفاقی حکومت نے ملک میں سبز ترقی کو فروغ دینے، نجی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے اور قومی ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے ایک نیا منصوبہ متعارف کرایا ہے جس کے تحت موٹر ویز اور ہائی ویز کے اطراف پھلدار درخت لگائے جائیں گے۔

یہ منصوبہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور وفاقی وزیر برائے مواصلات علیم خان کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات میں حتمی شکل دی گئی۔

اس منصوبے کے تحت نجی سرمایہ کاروں کو موٹر ویز اور ہائی ویز کے ساتھ موجود زمین لیز پر دی جائے گی تاکہ وہ وہاں موسمی حالات سے ہم آہنگ پھلدار درخت لگا سکیں۔ یہ لیز تین سالہ ماڈل پر مبنی ہو گی، جس کا مقصد ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ تجارتی مواقع پیدا کرنا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ملک کا سبز ایریا   بڑھے گا بلکہ ماحول دوست تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے آمدنی کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ایک اور موٹروے بنانے کی منظوری، وزیراعلیٰ سندھ کے خطوط نظرانداز

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ہمارے ماحولیاتی نقش کو بہتر بنائے گا بلکہ پائیدار ترقی کے لیے نئی اقتصادی راہیں بھی کھولے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے عوامی و نجی شراکت داری کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی سرمایہ کاروں کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گی اور کاربن کریڈٹس تک رسائی میں رہنمائی بھی دے گی، تاکہ یہ منصوبہ مالی طور پر زیادہ پائیدار اور پرکشش بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کی وسیع تر ماحولیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے اور مستقبل میں ایسے مزید سبز منصوبوں کے لیے ایک مثالی ماڈل ثابت ہو سکتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *