اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر کی کوششوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کردار قابلِ ستائش ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ مستقل جنگ بندی کے عزم پر کاربند ہے، ‘جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
ہفتہ کے روز برطانوی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سیز فائر میں سہولت کاری میں امریکی صدر کے کردار کو انتہائی مثبت قرار دیا ہے اور امن کے قیام کی کوششوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے بھارت کے ساتھ مستقل جنگ بندی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال نازک اور غیر یقینی صورتحال پر مبنی ہے۔
عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اہم اور حل طلب مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نا گزیر ہے۔ اگر مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا تو جنوبی ایشیا میں امن کو خطرات لاحق رہیں گے۔