وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی میں جو دراڑیں کبھی نظر آتی تھیں وہ اب یکجہتی کے مضبوط احساس میں تبدیل ہوگئی ہیں اور اب جنگ صرف دہشتگردوں کے خلاف ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم نے مشرقی محاذ پر بھارت کو شکست دی ہے۔ اب بھارت ہماری مغربی سرحدوں پر دراندازی میں ملوث ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہم مغربی محاذ پر مشرق سے بھی زیادہ کامیابی حاصل کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے بڑے طیارے بھیجے جنہیں ہماری مسلح افواج نے پتنگوں کی طرح گرایا۔ اس جنگ میں ہمارے شہدا اور ہیروز کے نام پاکستان کی تاریخ میں امر ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک کے دفاع میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سویلین قیادت نے بہادر فوج کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے اور مسلح افواج کے کمانڈروں کی جرات اور زبردست قیادت نے ان کی کامیابی پر مہر ثبت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور پاک فوج کے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔