بھارت نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر تر کیہ کے ساتھ اپنے تجارتی اور تعلیمی تعلقات معطل کر دیئے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق تر کیہ کے ساتھ تجارتی اور تعلیمی تعلقات معطل کر د ئیےگئے ہیں۔ یہ فیصلہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ترکی کی جانب سے پاکستان کیلئے غیر مشروط حمایت کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کی خودمختاری پر سوالیہ نشان لگانے والے ممالک کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کرنا ان کی پالیسی کا حصہ ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی ہوائی اڈوں پر کام کرنے والی ایک ترک کمپنی کی سکیورٹی کلیئرنس بھی منسوخ کر دی گئی تھی۔
اس کے علاوہ بھارت میں ترک سیبوں کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔مزید برآں، مشہور ترک کمپنی Celebi، جو ہوائی اڈوں پر خدمات فراہم کرتی ہے، نے اپنی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
دہلی ہائی کورٹ میں اپنی درخواست میں، کمپنی نے دلیل دی کہ واضح طور پر یہ بتائے بغیر کہ کس طرح کوئی ادارہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، محض زبانی دعو ؤں پر مبنی اس طرح کی کارروائی کو قانونی طور پر جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔