ایوان صدر اسلام آباد میں پاکستان کے سپہ سالار سید عاصم منیر کو “بیٹن آف فیلڈ مارشل” کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز سے نوازنے کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف تھے، جنہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوا س اعزاز سے نوازا۔
تقریب میں وفاقی وزراء، اراکینِ پارلیمنٹ، سفیروں اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت سمیت ملک کی نمایاں سیاسی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب مین پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک قابلِ فخر اور تاریخی لمحہ ہے۔ ہم اپنے ہیرو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عظیم خدمات کے معترف ہیں۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ افواجِ پاکستان نے نہ صرف دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا بلکہ دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری عسکری قیادت نے جرات، حکمت اور غیر معمولی پیشہ وارانہ صلاحیت کے ذریعے دشمن کے خلاف بے مثال اور تاریخی فتح حاصل کی ہے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔